حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، کراچی-سندھ/ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری علامہ سید ناظر عباس تقوی نے سندھ حکومت کی جانب سے سیدہ فاطمہ زہرا سلام اللہ علیہا کی مجلسِ عزا پر ایف آئی آر درج کرنے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے پاکستان کے اسلامی تشخص اور آئینی حقوق کے منافی قرار دیا ہے۔
علامہ سید ناظر عباس تقوی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا تھا اور اس کا نعرہ لا الہ الا اللہ محمد الرسول اللہ تھا۔ ایسے ملک میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی بیٹی سیدہ فاطمہ زہرا کی مجلس پر پابندی لگانا اور ایف آئی آر کاٹنا انتہائی افسوسناک اور قابلِ مذمت عمل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ امام بارگاہ امیر المومنین سیکٹر فائیو ڈی میں سیدہ کی مجلس کے حوالے سے منعقد ہونے والے پروگرام پر ڈی سی کے آرڈر کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر مقدمہ درج کیا گیا، جس میں متعدد افراد کے نام شامل ہیں۔
شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری نے واضح کیا کہ وہ ایسی کسی بھی ایف آئی آر کو تسلیم نہیں کرتے جو مومنین کے بنیادی حقوق کو سلب کرتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری اور مجلسِ عزا پر مقدمات درج کرنا قابلِ قبول نہیں، خصوصاً جب وزراء کے گھروں پر حضرت عباس کا علم لگا ہو۔
علامہ سید ناظر عباس تقوی نے حکومتِ سندھ کو 48 گھنٹے کا الٹی میٹم دیتے ہوئے اعلان کیا کہ اگر اس مدت کے اندر ایف آئی آر واپس نہ لی گئی تو جلوس وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے ہاؤس پر جائے گا، جہاں مجلسِ زہرا اور ماتم ہوگا۔ انہوں نے تمام مومنین، مائیں، بہنیں، بچوں، بزرگوں، علما اور خطباء کو تیار رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ عوام اس ایف آئی آر کا محاسبہ کریں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نبی کی بیٹی کی مجلس پر ایف آئی آر کاٹنے والوں کو شرم آنی چاہیے اور سندھ کے تمام وزراء کو پیغام دیا کہ اگر ایف آئی آر واپس نہ ہوئی تو وزیر اعلیٰ ہاؤس پر احتجاجی مجلس اور ماتم کا انعقاد کیا جائے گا۔










آپ کا تبصرہ